ڈنمارک کی نئی سفیر مایا ڈیرس مورٹینسن نے پاکستان میں اپنی ذمہ داریوں کا پہلا ماہ مکمل کرلیا ہے، اور یہ دورہ انتہائی سرگرم اور مصروف رہا۔ آمد کے پہلے ہی دن سے انہوں نے سفارتی معاملات پر تیزی سے کام کا آغاز کیا۔
انہوں نے صدر پاکستان کو اپنے سفارتی اسناد پیش کیے، جس کے ساتھ ہی ان کے مشن کا باضابطہ آغاز ہوا۔ بعد ازاں انہوں نے وزیر اعظم پاکستان، وزیر خزانہ، وزیر بحری امور اور وزیر تجارت سے ملاقاتیں کیں جن میں صاف توانائی، پائیدار ترقی اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
سفیر نے ڈنمارک ریزیڈنس میں اپنا پہلا سفارتی پروگرام “ایک شام دوستی اور موسیقی کے نام” کے عنوان سے منعقد کیا، جس میں ڈنمارک اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے مہمان شریک ہوئے۔ تقریب میں ڈینش موسیقاروں، ہنزہ کے نوجوان فنکاروں اور لاہور کے قوال گروپ نے فن کا مظاہرہ کیا، جو ثقافتی ہم آہنگی کی شاندار مثال تھی۔
اس دوران انہوں نے پہلی مرتبہ ٹی وی پر شرکت کی، لوک میلہ کا دورہ کیا، اپنا سوشل میڈیا تعارفی ویڈیو ریکارڈ کرایا اور سفارتخانے کے ساتھیوں کے ساتھ کرکٹ میچ بھی کھیلا۔
سفیر کا پہلا باقاعدہ اندرونی دورہ لاہور اور نارووال کا تھا، جہاں انہوں نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کے ساتھ مل کر ڈنمارک کے تعاون سے قائم اسٹوڈنٹس انکیوبیشن سینٹر کا افتتاح کیا۔
ایک ماہ مکمل ہونے پر مایا ڈیرس مورٹینسن نے پاکستان میں اپنی موجودگی کو بھرپور طریقے سے منوایا ہے اور وہ دونوں ممالک کے مابین گرین پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔


