ویب ڈیسک (MNN) – یورپی یونین نے پاکستان میں سیلاب سے شدید متاثرہ آبادی کیلئے ہنگامی معاونت کے طور پر مزید 3 ملین یورو فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، جس میں خاص طور پر پنجاب کے متاثرہ علاقوں پر توجہ دی جائے گی۔ یہ امداد نقد رقوم کی صورت میں دی جائے گی تاکہ متاثرہ خاندان فوری ضروریات پوری کرنے اور اپنی زندگی دوبارہ بحال کرنے کے قابل ہو سکیں۔
یہ رقم ستمبر میں فراہم کی گئی 1.05 ملین یورو کی امداد کے علاوہ ہے جو صحت، پینے کے صاف پانی، صفائی ستھرائی اور دیگر بنیادی خدمات کیلئے مختص کی گئی تھی۔
اس سال مون سون بارشوں سے ملک بھر میں تقریباً 70 لاکھ افراد متاثر ہوئے جبکہ 29 لاکھ لوگوں کو گھروں سے بے دخل ہونا پڑا۔ سیلاب کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد اموات، 200 ہزار سے زیادہ گھروں کو نقصان اور کھیتوں و مویشیوں کی تباہی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
تیاری، بحران کے انتظام اور مساوات سے متعلق کمشنر حدجہ لہبیب کا کہنا ہے کہ اس سال مون سون پاکستان کیلئے نہایت تباہ کن رہا، جبکہ پنجاب کو گزشتہ چالیس برس کے بدترین سیلاب کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے گھر، سامان، فصلیں اور مویشی بہہ گئے، ایسے میں یورپی یونین کی امداد عالمی یکجہتی کا ثبوت ہے اور متاثرین کی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گی۔
تازہ امداد کے بعد رواں سال پاکستان کیلئے یورپی یونین کا مجموعی تعاون 14.5 ملین یورو سے تجاوز کر گیا ہے۔


