اسلام آباد (ایم این این) – پاکستان کو بھارت کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت مل گئی ہے تاکہ سری لنکا کیلئے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے امدادی پروازیں بھیجی جاسکیں۔ سفارتی ذرائع کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن نے پیر کی شام تحریری طور پر اس اجازت سے آگاہ کیا جس کے بعد پروازیں کل سے شروع ہوں گی۔
سری لنکا اس وقت شدید انسانی بحران سے دوچار ہے جہاں سائیکلون ڈٹوہ کے باعث آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ میں کم از کم 355 افراد جاں بحق جبکہ 366 لاپتہ ہیں۔ سری لنکن حکومت نے عالمی امداد کی اپیل کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں تک رسائی کیلئے فوجی ہیلی کاپٹر تعینات کردیے ہیں۔
خطے کے دیگر حصوں میں بھی بارشوں اور طوفانوں نے تباہی مچادی ہے اور سری لنکا، انڈونیشیا، جنوبی تھائی لینڈ اور شمالی ملائیشیا میں مجموعی ہلاکتیں 1100 سے تجاوز کرچکی ہیں۔ ماہرین کے مطابق مون سون تو معمول کے مطابق ہے مگر موسمیاتی تبدیلی نے بارشوں کو شدید تر اور طوفانوں کو زیادہ تباہ کن بنا دیا ہے۔
شدید بارشوں کے نتیجے میں کئی علاقے دنیا سے کٹ گئے، لوگ چھتوں پر پناہ لینے پر مجبور رہے اور کشتیوں و ہیلی کاپٹرز کے ذریعے ریسکیو کا انتظار کرتے رہے۔
یاد رہے کہ اپریل میں پاہلگام (مقبوضہ کشمیر) حملے اور اس کے بعد چار روزہ کشیدگی کے بعد پاکستان اور بھارت نے ایک دوسرے کیلئے فضائی حدود بند کر رکھی تھی، جسے اسلام آباد نے بعدازاں نومبر 24 تک بڑھا دیا تھا۔ تاہم انسانی بنیادوں پر سری لنکا کیلئے امدادی پروازوں کو خصوصی اجازت دے دی گئی ہے۔


