گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں بارہویں کانووکیشن کی پروقار تقریب نیو کیمپس میں منعقد ہوئی۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی خصوصی ہدایت پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم نے کانووکیشن کی کاروائی کی صدارت کرتے ہوئے پروسیڈنگ کو آگے بڑھایا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے ڈینز، ڈائریکٹرز، پرنسپل آفیسرز، فیکلٹی ممبران، معزز مہمانان اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی
تقریب میں پی ایچ ڈی، ایم فل، ماسٹرز، ایسوسی ایٹ ڈگری، ایم بی اے اور بی ایس آنرز پروگرام کے مختلف سیشنز کے 1 لاکھ سے زائد طلباء و طالبات کو اسناد تفویض کی گئیں۔
اس سال تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء کو بھرپور انداز میں سراہا گیا، جن میں
335 طلباء و طالبات کو گولڈ میڈلز،
333 کو سلور میڈلز، اور 326 کو براؤن میڈلز سے نوازا گیا۔
اسی طرح پی ایچ ڈی کے 250 سکالرز نے اپنے سپروائزرز کے ہمراہ اسٹیج پر آکر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم سے ڈگریاں حاصل کیں، جو تقریب کا سب سے نمایاں اور پُروقارحصہ رہا۔
کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد اسرار، رجسٹرار غلام غوث اور ڈپٹی رجسٹرار ذیشان احمد خان نے کانووکیشن کی انتظامی و رسمی کاروائی کو احسن انداز میں آگے بڑھایا۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن طلباء و طالبات، والدین اور اساتذہ کے لیے خوشی اور فخر کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی سی یونیورسٹی فیصل آباد نے گزشتہ برسوں میں تدریس، تحقیق اور ادارہ جاتی ترقی کے شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ٹائمز ہائر ایجوکیشن ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ میں جی سی یونیورسٹی فیصل آباد پنجاب کی پہلی جبکہ پاکستان کی دوسری بہترین یونیورسٹی قرار پائی ہے، یہ اعزاز اساتذہ اور طلبہ کی مشترکہ محنت اور تحقیق پر مبنی جدت پسندانہ ماحول کا نتیجہ ہے۔
وائس چانسلر نے امید کا اظہار کیا کہ اسناد حاصل کرنے والے طلبہ مستقبل میں اپنی تحقیقی سوچ اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعے ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔ انہوں نے اساتذہ کی محنت، رہنمائی اور یونیورسٹی کی اکیڈمک ترقی میں کردار کو بھی سراہا۔
کانووکیشن میں سینڈیکیٹ ممبران، مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، سماجی و تعلیمی شخصیات، صنعتی نمائندگان اور معزز شہریوں نے بھی شرکت کی۔ شرکاء نے تقریب کے بہترین انتظامات کو سراہتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر رؤف اعظم اور ان کی ٹیم کو مبارک باد پیش کی۔


