برطانوی دفاعی جریدے کا انکشاف، پاک فضائی کارروائی میں مار گرائے گئے بھارتی رافیل طیاروں کے سیریل نمبرز سامنے آ گئے

0
4

ویب ڈیسک (ایم این این) – ایک برطانوی دفاعی جریدے نے مئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی فوجی جھڑپوں کے دوران مار گرائے گئے بھارتی فضائیہ کے چار رافیل طیاروں کے سیریل نمبرز ظاہر کر دیے ہیں، جس سے بھارت کے فضائی برتری کے دعووں پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔

برطانوی دفاعی میگزین Key Aero میں شائع ہونے والی تحقیقی رپورٹ کے مطابق 52 منٹ تک جاری رہنے والی فضائی جھڑپ کے دوران بھارتی فضائیہ کے چار رافیل طیارے تباہ ہوئے۔

رپورٹ میں تباہ ہونے والے رافیل طیاروں کے سیریل نمبرز BS-001، BS-021، BS-022 اور BS-027 بتائے گئے ہیں۔ جریدے کے مطابق بھارت ان طیاروں کے حوالے سے تاحال کوئی واضح تصویری شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مربوط ملٹی ڈومین کارروائیوں نے بھارتی فضائیہ کو مفلوج کر دیا، جس کے باعث بھارتی پائلٹس مؤثر جواب دینے سے قاصر رہے۔

جریدے کے مطابق اس دوران بھارت کو مجموعی طور پر چار رافیل طیاروں کے علاوہ مگ 29، سخوئی 30 جنگی طیاروں اور ایک ہیرون ڈرون کا بھی نقصان اٹھانا پڑا۔

رپورٹ میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ 10 مئی کو پاک فضائیہ کے جے ایف 17 سی بلاک تھری طیارے نے اودھم پور میں نصب بھارت کے جدید ایس 400 فضائی دفاعی نظام کو ناکارہ بنا کر تباہ کر دیا۔

اس کے علاوہ رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستانی سائبر یونٹس نے بھارت کے تقریباً 96 فیصد ڈیجیٹل نیٹ ورکس اور سوشل میڈیا سسٹمز کو متاثر کیا، جو تاریخ میں پہلی بار تھا کہ کسی فضائیہ نے روایتی فوجی کارروائیوں کے ساتھ سائبر جنگ کو اس قدر مربوط انداز میں استعمال کیا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں