ویب ڈیسک (ایم این این) – مشہور ویڈیو گیم ڈویلپر اور کال آف ڈیوٹی فرنچائز کے شریک خالق ونس زیمپیلا امریکا کی ریاست کیلیفورنیا میں ایک المناک کار حادثے میں 55 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، جس کی تصدیق الیکٹرانک آرٹس نے کی ہے۔
کیلیفورنیا ہائی وے پٹرول کے مطابق ونس زیمپیلا ایک اور شخص کے ہمراہ فیراری گاڑی میں سفر کر رہے تھے کہ اتوار کے روز لاس اینجلس کی ایک شاہراہ پر گاڑی بے قابو ہو کر کنکریٹ کی دیوار سے ٹکرا گئی اور آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے میں گاڑی میں سوار دونوں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایک شخص گاڑی سے باہر جا گرا جبکہ دوسرا اندر پھنس گیا، تاہم تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ گاڑی کون چلا رہا تھا۔
الیکٹرانک آرٹس نے اپنے بیان میں زیمپیلا کی موت کو ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے ان کے اہل خانہ اور ان کے کام سے متاثر ہونے والے افراد سے اظہارِ تعزیت کیا۔
ونس زیمپیلا نے 2003 میں جیسن ویسٹ اور گرانٹ کولیئر کے ساتھ مل کر کال آف ڈیوٹی سیریز کی بنیاد رکھی۔ دوسری جنگِ عظیم سے متاثر یہ گیم سیریز دنیا بھر میں 50 کروڑ سے زائد کاپیاں فروخت کر چکی ہے اور گیمنگ تاریخ کی کامیاب ترین فرنچائزز میں شمار ہوتی ہے۔
وہ میڈل آف آنر، ٹائٹن فال اور ایپیکس لیجنڈز جیسے مقبول گیمز کی تیاری میں بھی کلیدی کردار ادا کر چکے تھے۔
2010 میں ایک تنازع کے بعد ایکٹی وژن سے علیحدگی اور 2012 میں تصفیے کے بعد، زیمپیلا نے الیکٹرانک آرٹس میں شمولیت اختیار کی، جہاں وہ بیٹل فیلڈ 6 جیسے بڑے منصوبوں پر کام کر رہے تھے۔
گیمنگ انڈسٹری کی جانب سے انہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ انفینٹی وارڈ نے کہا کہ ونس زیمپیلا ہمیشہ اس کی تاریخ کا اہم حصہ رہیں گے، جبکہ دیگر صنعت کاروں نے انہیں ایک ایسے وژنری کے طور پر یاد کیا جو کھلاڑی کے تجربے کو اولین ترجیح دیتے تھے۔


