17 سالہ جلاوطنی کے بعد بی این پی رہنما طارق رحمان کی بنگلہ دیش واپسی، انتخابی سیاست میں نیا موڑ

0
1

ڈھاکا (ایم این این): بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے رہنما طارق رحمان 17 سالہ جلاوطنی کے بعد جمعرات کو وطن واپس پہنچ گئے، جہاں ہزاروں کارکنان نے ان کا پُرجوش استقبال کیا۔ ان کی واپسی کو آئندہ عام انتخابات سے قبل بنگلہ دیش کی سیاست میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

طارق رحمان اپنی اہلیہ زبیدہ اور بیٹی زائمہ کے ہمراہ ڈھاکا کے حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے اور سخت سیکیورٹی میں ننگے پاؤں بنگلہ دیشی سرزمین پر قدم رکھا۔ ان کی واپسی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ملک 12 فروری کو ہونے والے انتخابات کی تیاری کر رہا ہے، جو عبوری حکومت کے تحت ہوں گے۔ یہ حکومت اگست 2024 میں سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی برطرفی کے بعد قائم ہوئی تھی۔

طارق رحمان کو بی این پی کا عملی سربراہ اور وزارتِ عظمیٰ کا مضبوط امیدوار سمجھا جاتا ہے۔ ان کی والدہ اور سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا 23 نومبر سے شدید علیل حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

60 سالہ طارق رحمان سابق صدر ضیاء الرحمٰن اور خالدہ ضیا کے بڑے صاحبزادے ہیں۔ وہ 2008 سے لندن میں مقیم تھے اور 2018 سے بی این پی کے قائم مقام چیئرمین کے طور پر پارٹی کی قیادت کر رہے تھے۔

انہوں نے خالدہ ضیا کے دوسرے دورِ حکومت میں نمایاں سیاسی کردار ادا کیا، تاہم بعد ازاں ان پر کرپشن اور سیاسی تشدد کے الزامات عائد کیے گئے۔ بی این پی ان الزامات کو ہمیشہ سیاسی انتقام قرار دیتی رہی۔ 2024 کی عوامی تحریک کے بعد ان کے خلاف زیادہ تر مقدمات معطل یا ختم کر دیے گئے، جس سے ان کی واپسی ممکن ہوئی۔

ڈھاکا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے طارق رحمان نے کہا کہ 2024 میں بھی عوام نے 1971 کی طرح متحد ہو کر ملک کی خودمختاری کا دفاع کیا۔ انہوں نے ایک محفوظ، منصفانہ اور جامع بنگلہ دیش کی تعمیر پر زور دیا جہاں ہر شہری بلا خوف زندگی گزار سکے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق عوامی لیگ پر انتخابی پابندی کے بعد بی این پی کو سیاسی برتری حاصل ہو گئی ہے، اور طارق رحمان کی واپسی پارٹی کی انتخابی مہم کو مزید تقویت دے گی۔ رائے عامہ کے حالیہ جائزے بھی بی این پی کو انتخابات میں سبقت حاصل ہونے کی نشاندہی کر رہے ہیں، جس سے تقریباً دو دہائیوں بعد اقتدار میں واپسی کے امکانات روشن دکھائی دیتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں