امریکی صدر ٹرمپ کا دعویٰ: وینزویلا پر بڑے حملے کے بعد صدر نکولس مادورو گرفتار

0
14

ویب ڈیسک (ایم این این): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کے روز دعویٰ کیا ہے کہ امریکی افواج نے وینزویلا پر بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی کے دوران صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ سیلیا فلوریز کو گرفتار کر لیا ہے۔

ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر بیان میں کہا کہ یہ کارروائی امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے کی گئی، جس کے بعد مادورو اور ان کی اہلیہ کو ملک سے باہر منتقل کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے وہ فلوریڈا میں اپنی رہائش گاہ مارالاگو پر پریس کانفرنس کریں گے۔

بعد ازاں امریکی میڈیا کو انٹرویوز میں ٹرمپ نے کہا کہ مادورو اور ان کی اہلیہ کو ایک امریکی بحری جہاز پر منتقل کیا گیا ہے اور انہیں نیویارک لے جایا جا رہا ہے، جہاں ان پر منشیات اسمگلنگ اور دیگر سنگین الزامات کے تحت مقدمات درج ہیں۔

ٹرمپ نے اس کارروائی کو انتہائی پیچیدہ اور کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں خصوصی دستوں اور متعدد ہیلی کاپٹروں نے حصہ لیا۔ ان کے مطابق کسی امریکی اہلکار کی ہلاکت نہیں ہوئی، تاہم چند زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب وینزویلا نے امریکی حملوں کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے اور اسے ملکی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ وینزویلا کے حکام کا کہنا ہے کہ انہیں صدر مادورو کے ٹھکانے کے بارے میں علم نہیں اور فوری طور پر ان کی زندگی کے ثبوت کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

وینزویلا کے وزیر دفاع نے الزام عائد کیا کہ امریکی افواج نے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا، جبکہ حکومت نے ملک بھر میں ہنگامی حالت نافذ کر کے فوجی نقل و حرکت تیز کر دی ہے۔

امریکی حکام کے مطابق مادورو اور ان کی اہلیہ پر نیویارک میں منشیات دہشت گردی، اسلحہ رکھنے اور امریکہ کے خلاف سازش جیسے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ امریکی قیادت نے اس پیش رفت کو وینزویلا کے لیے ایک نیا موڑ قرار دیا ہے۔

کاراکاس اور دیگر شہروں میں دھماکوں کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ لاطینی امریکہ کے کئی ممالک نے امریکی اقدام کو خطے کی خودمختاری پر حملہ قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔

ماہرین کے مطابق اس کارروائی کے سیاسی، قانونی اور معاشی اثرات طویل المدت ہو سکتے ہیں، جن میں عالمی تیل منڈی میں اتار چڑھاؤ اور امریکہ کے اندر سیاسی ردعمل بھی شامل ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں