ویب ڈیسک (ایم این این): نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار ہفتے کے روز بیجنگ پہنچ گئے، جہاں وہ پاک چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے ساتویں دور کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ یہ مذاکرات اتوار، 4 جنوری کو ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار 2026 میں چین کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی اعلیٰ عہدیدار ہیں۔ یہ دورہ چینی وزیر خارجہ وانگ یی کی دعوت پر ہو رہا ہے، جو مذاکرات کی مشترکہ صدارت بھی کریں گے۔
دفتر خارجہ نے ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ بیجنگ ایئرپورٹ پر اسحاق ڈار کا استقبال افغانستان کے لیے چین کے خصوصی نمائندے یوئے شیاؤ یونگ، پاکستان کے سفیر اور پاکستانی سفارتخانے کے اعلیٰ حکام نے کیا۔
دورے کے دوران نائب وزیراعظم پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقدہ تقریبات میں بھی شرکت کریں گے۔ دونوں ممالک 2026 کے دوران مختلف تقریبات اور اقدامات کے ذریعے اس اہم موقع کو منائیں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا، شراکت داری کے نئے مواقع تلاش کیے جائیں گے اور پاک چین ہمہ موسمی اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
ترجمان نے کہا کہ یہ ڈائیلاگ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ ترین مشاورتی فورم ہے، جس کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جاتا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق اس دورے سے پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا اظہار ہوتا ہے اور علاقائی امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے دونوں ممالک کے عزم کی توثیق ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا چھٹا دور گزشتہ سال اگست میں اسلام آباد میں ہوا تھا، جس کے دوران چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے اسحاق ڈار، وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی تھی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے چین کے تعاون کا اعادہ کیا تھا۔


