ٹرمپ کا اعلان: مادورو کی گرفتاری کے بعد امریکا وینزویلا کا انتظام سنبھالے گا

0
37

فلوریڈا (ایم این این): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی گرفتاری کے بعد امریکا عارضی طور پر وینزویلا کا انتظام سنبھالے گا اور وہاں محفوظ، مناسب اور منصفانہ انتقالِ اقتدار تک حکمرانی کرے گا۔

فلوریڈا میں مارالاگو ریزورٹ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکی افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ کارروائی میں وینزویلا کی فوجی صلاحیتوں کو مفلوج کر دیا اور رات کی تاریکی میں مادورو اور ان کی اہلیہ سیلیا فلوریز کو گرفتار کر لیا۔ ان کے مطابق اس کارروائی میں کوئی امریکی اہلکار ہلاک نہیں ہوا۔

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ وینزویلا کی فوج تیار تھی، مگر اسے سنبھلنے کا موقع نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلا حملہ اتنا مؤثر تھا کہ دوسری بڑی کارروائی کی ضرورت پیش نہیں آئی، تاہم امریکا ہر صورتحال کے لیے تیار ہے۔

امریکی صدر نے الزام عائد کیا کہ مادورو منشیات اور جرائم پیشہ نیٹ ورکس کی قیادت کر رہا تھا اور امریکا کے لیے خطرہ بن چکا تھا۔ ان کے مطابق مادورو اور ان کی اہلیہ کو نیویارک منتقل کیا گیا ہے، جہاں ان پر منشیات اور اسلحہ سے متعلق مقدمات چلائے جائیں گے۔

ٹرمپ نے کہا کہ مادورو کے جانے کے بعد وینزویلا اب محفوظ ملک ہے اور باقی سیاسی و عسکری قیادت کو خبردار کیا کہ ان کا انجام بھی ایسا ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کا مقصد وینزویلا میں استحکام اور خوشحالی لانا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا عبوری طور پر وینزویلا کا نظام چلائے گا تاکہ ماضی جیسی سیاسی افراتفری دوبارہ پیدا نہ ہو۔ ٹرمپ کے مطابق امریکی تیل کمپنیاں وینزویلا کے تباہ حال توانائی ڈھانچے کی بحالی کے لیے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گی۔

ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ امریکا میں موجود وینزویلا کے شہری واپس اپنے وطن جائیں گے اور واشنگٹن آئندہ ایسی صورتحال پیدا نہیں ہونے دے گا۔

دوسری جانب وینزویلا نے امریکی کارروائی کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے اور اسے ملکی خودمختاری پر حملہ قرار دیا ہے۔ وینزویلا کے وزیر دفاع نے رہائشی علاقوں پر حملوں کا الزام عائد کرتے ہوئے مزاحمت کی اپیل کی، جبکہ وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک ان حملوں پر قابو پا لے گا۔

امریکی حکام نے اس کارروائی کو وینزویلا کے لیے نیا موڑ قرار دیا ہے، تاہم لاطینی امریکا کے کئی ممالک نے امریکی مداخلت کو خطے کے استحکام کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے اس کی مخالفت کی ہے۔

کاراکاس اور دیگر علاقوں میں ہونے والے دھماکوں کے بعد وینزویلا میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی، جبکہ ماہرین کے مطابق اس پیش رفت کے عالمی سیاست، معیشت اور تیل کی منڈیوں پر دور رس اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں