او آئی سی کی اسرائیل کے صومالی لینڈ اقدام کی مذمت، صومالیہ کی خودمختاری کی بھرپور حمایت

0
23

جدہ (ایم این این): اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل نے صومالی لینڈ سے متعلق اسرائیل کے اقدام کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

صومالی لینڈ کے تنازع پر او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس سعودی عرب میں منعقد ہوا، جس میں پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے او آئی سی سیکریٹری جنرل نے کہا کہ تنظیم صومالیہ کی خودمختاری اور اقوام متحدہ سے تسلیم شدہ سرحدوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور کسی بھی خلاف ورزی کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔

سعودی عرب کے نائب وزیر خارجہ ولید بن عبد الکریم نے کہا کہ صومالیہ کی خودمختاری کو نقصان پہنچانے کی تمام کوششوں کو مسترد کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صومالی حکومت بات چیت کے ذریعے خطے کے ممالک کو متحد کر سکتی ہے، جبکہ غزہ میں جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

فلسطینی وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطین اقوام متحدہ سے تسلیم شدہ صومالی سرحدوں کی مکمل حمایت کرتا ہے اور اسرائیل کی جانب سے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کا اقدام بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔

صومالی وزیر خارجہ عبدالسلام عبدی علی نے کہا کہ صومالی حکومت اور عوام او آئی سی کے ہنگامی اجلاس کے نتائج پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، کیونکہ اسرائیل کے اقدام کو صومالیہ کی خودمختاری پر حملہ سمجھا جا رہا ہے۔

جدہ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کی وحدت ناقابلِ تردید ہے اور اسے کسی صورت مجروح نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ صومالیہ او آئی سی رکن ممالک کے فیصلے کی جانب دیکھ رہا ہے۔

فلسطینی وزیر خارجہ فارسین عجابیقیان نے صومالیہ کی وحدت اور خودمختاری کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اسرائیل کی جانب سے او آئی سی رکن ممالک کے خلاف اقدامات کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔

او آئی سی، جو 57 مسلم اکثریتی ممالک پر مشتمل ہے، نے اس مسئلے اور ممکنہ مشترکہ ردعمل پر غور کے لیے یہ ہنگامی اجلاس طلب کیا تھا۔

صومالی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ صومالیہ کی سرزمین کسی بھی ملک کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور سرحدوں کی خلاف ورزی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد صومالی لینڈ وفاقی جمہوریہ صومالیہ کا اٹوٹ حصہ ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ترک نمائندے نے بھی اسرائیل کے اقدام کو ناقابل قبول قرار دیا اور صومالیہ کی وحدت اور خودمختاری کے لیے ترکیہ کی غیر متزلزل حمایت کا اعلان کیا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں