ایکس کو ایک ہفتے میں دوسری بار عالمی سطح پر بندش کا سامنا، صارفین کو شدید مشکلات

0
13

ویب ڈیسک (ایم این این) — سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس، جو پہلے ٹوئٹر کے نام سے جانا جاتا تھا، جمعے کے روز عالمی سطح پر ایک بڑی تکنیکی خرابی کا شکار ہو گیا، جو ایک ہفتے کے دوران دوسری بندش تھی۔ دنیا بھر کے صارفین نے پلیٹ فارم تک رسائی میں مشکلات کی شکایت کی۔

دی انڈیپنڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق ایکس کی ویب سائٹ اور موبائل ایپ کئی ممالک میں صارفین کے لیے لوڈ نہیں ہو رہی تھی، جبکہ متعدد افراد کو اسکرین خالی نظر آئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بعض صارفین کو کلاؤڈ فلئیر کی ایرر اسکرین بھی دکھائی دی، تاہم مسئلہ ایکس کے اندرونی نظام میں تھا اور اس کا تعلق کلاؤڈ فلئیر کے حالیہ تکنیکی مسائل سے نہیں تھا، جن کے باعث ماضی میں پلیٹ فارم بند ہوا تھا۔

ایم این این کے عملے نے بھی ویب سائٹ کھولنے کی کوشش پر کلاؤڈ فلئیر ایرر پیج دیکھا، جبکہ موبائل ایپ مکمل طور پر لوڈ نہ ہو سکی اور کئی گھنٹے پرانی پوسٹس دکھاتی رہی۔

آؤٹیج ٹریک کرنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق پاکستان کے وقت کے مطابق رات 8 بج کر 24 منٹ پر شکایات میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔

اس سے قبل منگل کے روز بھی دنیا بھر میں ہزاروں صارفین نے ایکس تک رسائی میں مسائل کی اطلاع دی تھی۔ اس بندش کا آغاز امریکی وقت کے مطابق صبح 9 بجے (پاکستانی وقت 7:38 شام) ہوا، جس کے دوران امریکا میں شکایات کی تعداد 28 ہزار سے تجاوز کر گئی، بعد ازاں یہ تعداد کم ہو کر تقریباً 700 رہ گئی۔

برطانیہ میں شکایات 8 ہزار سے زائد کی سطح سے کم ہو کر تقریباً 130 تک آ گئیں، جبکہ کینیڈا میں بھی مسائل کی رپورٹیں 3 ہزار سے زیادہ کی سطح سے کم ہو گئیں۔

پاکستان میں شکایات کی تعداد 7:38 شام پر 93 تک پہنچی، جو بعد میں کم ہو کر 8:23 شام تک صرف چار رہ گئی، جس سے سروس کی بحالی کا عندیہ ملا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں