لاہور (ایم این این)- وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے لاہور ایکسپو سینٹر میں آئی ٹی سی این ایشیا 2026 کا افتتاح کیا اور آئی ٹی برآمدات میں اضافے، جدید کنیکٹیویٹی کے فروغ اور پاکستان کو عالمی ڈیجیٹل معیشت میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا ٹیکنالوجی سیکٹر اپنی مضبوطی کے باعث عالمی سطح پر تیزی سے پہچان حاصل کر رہا ہے اور ڈیجیٹل پاکستان اقدام کے تحت عالمی ٹیکنالوجی رینکنگ میں بہتری آ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سازگار پالیسیوں اور اصلاحات نے اس پیش رفت میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل نے کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
شزا فاطمہ خواجہ نے بتایا کہ پاکستان میں فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی کی تیاریاں جاری ہیں، اس کے ساتھ ساتھ جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے، مصنوعی ذہانت کے فروغ اور ٹیکنالوجی و ہارڈویئر کی مقامی تیاری کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو ذمہ داری سے اپنانے والے افراد مستقبل کی افرادی قوت کی قیادت کریں گے۔
آئی ٹی سی این ایشیا 2026 کی نمایاں سرگرمیوں میں گلوبل سی آئی ایس او سمٹ شامل ہے، جس نے پاکستان کے سائبر سکیورٹی ایکو سسٹم میں اپنی اہمیت مزید مستحکم کی۔
پچاس سے زائد ممالک کی شرکت کے ساتھ یہ سمٹ عالمی سطح پر سائبر سکیورٹی قیادت اور تعاون کا مؤثر فورم بن کر سامنے آئی۔ لاہور میں اس سمٹ کی قیادت گلوبل سی آئی ایس او فورم کے صدر ڈاکٹر اردال اوزکایا نے کی، جو امریکا سے پاکستان آئے، جبکہ ان کے ہمراہ مشیر سید عبدالقادر بھی موجود تھے۔
سمٹ میں پانچ سو سے زائد سینئر ٹیکنالوجی اور سائبر سکیورٹی ماہرین نے شرکت کی، جن میں پالیسی ساز، اعلیٰ انتظامی عہدیدار، سلوشن فراہم کرنے والے ادارے اور سو سے زائد اوورسیز پاکستانی ایگزیکٹوز شامل تھے۔
ای کامرس گیٹ وے گروپ کے گروپ ڈائریکٹر عمیر نظام نے کہا کہ آئی ٹی سی این ایشیا اب محض ایک نمائش نہیں رہا بلکہ ڈیجیٹل ترقی، سرمایہ کاری اور عالمی روابط کے فروغ کا ایک اسٹریٹجک قومی پلیٹ فارم بن چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نمائش میں وسیع اور متنوع عالمی شرکت پاکستان کے ٹیکنالوجی سیکٹر پر بڑھتے اعتماد کی عکاس ہے۔
آئی ٹی سی این ایشیا کے ستائیسویں ایڈیشن کا انعقاد ای کامرس گیٹ وے پاکستان کر رہا ہے، جس میں ٹیک ڈیسٹینیشن پاکستان پریزنٹنگ پارٹنر ہے۔
یہ نمائش ایس آئی ایف سی کی سرپرستی اور اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کی اسٹریٹجک معاونت سے منعقد ہو رہی ہے۔ نمائش میں آٹھ سو سے زائد اسٹالز قائم کیے گئے ہیں جبکہ تین ہزار پانچ سو سے زائد ملکی و غیر ملکی برانڈز شرکت کر رہے ہیں۔
ہزاروں کی تعداد میں پالیسی ساز، صنعت کار، سرمایہ کار اور غیر ملکی وفود نمائش میں شریک ہیں، جہاں سات سو پچاس ملین ڈالر سے زائد کے کاروباری مواقع متوقع ہیں۔
مصنوعی ذہانت، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، سائبر سکیورٹی، فن ٹیک، گورنمنٹ ٹیکنالوجی اور اسٹارٹ اپس سمیت مختلف شعبوں پر مشتمل یہ نمائش مصنوعات کے اجراء، شراکت داری، سرمایہ کاری اور کاروباری روابط کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ مختلف کانفرنسز اور فورمز میں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، ڈیجیٹل گورننس، برآمدی تیاری اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
دو دہائیوں سے زائد پر محیط تاریخ کے ساتھ آئی ٹی سی این ایشیا پاکستان کو ٹیکنالوجی، جدت اور ڈیجیٹل تجارت کے ایک ابھرتے مرکز کے طور پر متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
اس سال کا ایڈیشن عالمی روابط کو مزید وسعت دینے، سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مضبوط بنانے اور پاکستان کے لیے ایک مستحکم اور مستقبل سے ہم آہنگ ٹیکنالوجی ایکو سسٹم کی بنیاد رکھنے کا عزم رکھتا ہے۔


