اسلام آباد (ایم این این): چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی سیکریٹری اطلاعات اشفاق احمد خلیل اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن نے ملاقات کی۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے وفد کے ہمراہ چیئرمین سینیٹ کی رہائش گاہ پر بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کا ڈیجیٹل البم پیش کیا۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کانفرنس کی شاندار میڈیا کوریج پر وفاقی وزیر اطلاعات اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کے مثبت اثرات اب واضح طور پر سامنے آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا مرکزی موضوع امن، سلامتی اور ترقی تھا، جبکہ بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس میں اسلام آباد اعلامیہ متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔ اعلامیے میں عالمی امن اور پائیدار ترقی کے فروغ پر زور دیا گیا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اعلامیے کے ذریعے اقوام متحدہ کے اصولوں کی روشنی میں عالمی نظام کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ انہوں نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر وفاقی وزیر اطلاعات، وفاقی سیکریٹری اطلاعات اور پی آئی او کی کاوشوں کو سراہا۔
سینیٹ آف پاکستان کی میزبانی میں منعقدہ بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کی قیادت چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس پارلیمانی سفارتکاری کے فروغ میں ایک سنگ میل ثابت ہوئی۔
چیئرمین سینیٹ کے مطابق دنیا بھر سے معزز اسپیکرز اور پارلیمنٹیرینز نے کانفرنس میں شرکت کی، جسے تاریخی اور فیصلہ کن پیش رفت قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے کامیاب انعقاد سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کی قیادت میں پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے مختلف ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا گیا، جبکہ بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس نے عالمی فورمز پر پاکستان کے مؤقف کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔


