کراچی (ایم این این): پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے بھارتی طیاروں کے لیے پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں مزید ایک ماہ کی توسیع کرتے ہوئے اسے 24 فروری تک برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اطلاع منگل کو جاری کردہ نوٹس ٹو ایئر مین (نوٹم) میں دی گئی۔
یہ توسیع اس وقت کی گئی جب سابقہ پابندی، جو 17 دسمبر کو بڑھائی گئی تھی، 23 جنوری کو ختم ہونے والی تھی۔
پاکستان اور بھارت نے ایک دوسرے کی ایئرلائنز کے لیے فضائی حدود اس وقت بند کیں جب اپریل کے آخر میں مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا، جس میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
تازہ نوٹم کے مطابق بھارتی رجسٹرڈ تمام طیاروں کے لیے پاکستانی فضائی حدود 24 فروری کی صبح 5 بجے تک بند رہے گی۔ پابندی کا اطلاق بھارتی ایئرلائنز کے زیرِ ملکیت، زیرِ استعمال یا لیز پر لیے گئے تمام طیاروں اور فوجی پروازوں پر بھی ہوگا۔
یہ پابندی زمین سے لے کر لامحدود بلندی تک نافذ العمل رہے گی اور پاکستان کے دونوں فلائٹ انفارمیشن ریجنز، کراچی (او پی کے آر) اور لاہور (او پی ایل آر)، پر لاگو ہوگی۔


