پاکستان سمیت آٹھ مسلم ممالک کا ٹرمپ کے ’’بورڈ آف پیس‘‘ میں شمولیت کا اعلان

0
12

ڈیووس (ایم این این) — پاکستان اور سات دیگر مسلم اکثریتی ممالک نے بدھ کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ ’’بورڈ آف پیس‘‘ میں شمولیت کے فیصلے کا اعلان کیا، جس کا ابتدائی مقصد غزہ تنازع کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرنا ہے۔

مشترکہ بیان میں پاکستان، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات، ترکیہ، سعودی عرب اور قطر کے وزرائے خارجہ نے صدر ٹرمپ کی جانب سے اپنے رہنماؤں کو دی گئی دعوت کا خیرمقدم کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ تمام آٹھ ممالک نے بورڈ آف پیس میں شامل ہونے کا مشترکہ فیصلہ کیا ہے اور ہر ملک اپنے ملکی قوانین اور ضروری طریقہ کار کے مطابق شمولیت کی دستاویزات پر دستخط کرے گا۔ اس میں مزید کہا گیا کہ پاکستان، مصر اور متحدہ عرب امارات پہلے ہی شمولیت کا اعلان کر چکے ہیں۔

بیان کے مطابق وزرائے خارجہ نے غزہ امن منصوبے کے تحت صدر ٹرمپ کی قیادت میں جاری کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ بورڈ آف پیس اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 کے تحت مستقل جنگ بندی، غزہ کی تعمیر نو اور فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور ریاستی حیثیت کے قیام کے لیے کام کرے گا۔

دریں اثنا نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان غزہ میں دیرپا امن اور فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کے لیے برادر عرب اور اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

اس سے قبل دفتر خارجہ نے تصدیق کی تھی کہ پاکستان نے غزہ امن منصوبے پر عملدرآمد کی حمایت کے لیے ’’بورڈ آف پیس‘‘ میں شمولیت کی دعوت قبول کر لی ہے۔ دفتر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ یہ اقدام مستقل جنگ بندی، انسانی امداد میں اضافے اور غزہ کی بحالی کا باعث بنے گا اور بالآخر ایک خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی راہ ہموار کرے گا۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے گزشتہ سال غزہ تنازع کے خاتمے کے منصوبے کے اعلان کے دوران بورڈ آف پیس کی تجویز دی تھی، جبکہ بعض رپورٹس کے مطابق امریکی انتظامیہ اسے ایک مستقل عالمی ادارے میں تبدیل کرنے پر بھی غور کر رہی ہے، جس پر چند یورپی ممالک نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں