اسلام آباد — چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے منگل کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں نیپال کی سفیر ریتا دھیتال سے ملاقات کی۔
چیئرمین سی ڈی اے نے نیپالی سفیر کا خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں سی ڈی اے بورڈ کے ممبر ایڈمن طلعت محمود اور دیگر سینئر افسران بھی شریک تھے۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر محمد علی رندھاوا نے کہا کہ پاکستان برادر ملک نیپال کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
نیپال کی سفیر ریتا دھیتال نے اسلام آباد کی خوبصورتی اور شہری منصوبہ بندی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کی قدرتی خوبصورتی کے تحفظ اور شہری ترقی میں سی ڈی اے کا کردار قابلِ تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرین سپیسز اور وسیع پارکس کی بدولت اسلام آباد کا ماحول پُرسکون اور خوشگوار ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد کے گرین کور کے تحفظ کے لیے ماسٹر پلان کے مطابق ترقیاتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ملاقات میں اسلام آباد اور کھٹمنڈو کو سسٹر سٹیز قرار دینے کے منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیپالی سفیر نے بتایا کہ اس حوالے سے ڈرافٹ معاہدے پر کام جاری ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے ڈپلومیٹک انکلیو میں نیپالی سفارتخانے کے لیے مختص پلاٹ سے متعلق امور پر بات کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ سی ڈی اے تمام مسائل کے فوری حل کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔
اس کے علاوہ ڈپلومیٹک انکلیو کی بیوٹیفکیشن اور اپ لفٹنگ کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ڈپلومیٹک انکلیو کی خوبصورتی اور بہتری سی ڈی اے کی ترجیحات میں شامل ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے نیپالی سفیر کو آئندہ ماہ شروع ہونے والی موسمِ بہار کی شجرکاری مہم میں بھرپور شرکت کی خصوصی دعوت بھی دی۔


