یورپی یونین کا ایرانی پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینا، تہران کا شدید ردعمل

0
11

ویب ڈیسک (ایم این این): یورپی یونین نے باضابطہ طور پر ایران کے اسلامی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا ہے، جس پر تہران نے سخت ردعمل دیتے ہوئے اس فیصلے کو خطے میں کشیدگی بڑھانے والا اقدام قرار دیا ہے۔

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ یورپی یونین کے وزرائے خارجہ نے کیا، جس کے تحت پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کر لیا گیا۔

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کاجا کالاس نے کہا کہ یہ اقدام جبر اور تشدد کے خلاف ردعمل کے طور پر ضروری تھا۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کاجا کالاس نے کہا کہ جبر کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا اور جو نظام اپنے ہی ہزاروں شہریوں کو قتل کرتا ہے وہ اپنی تباہی کی جانب بڑھ رہا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کے بعد آئی آر جی سی کو القاعدہ اور داعش جیسی تنظیموں کے برابر سمجھا جائے گا۔

کالاس نے یہ بھی کہا کہ اس اقدام کے باوجود یورپی یونین ایران کے ساتھ سفارتی رابطے برقرار رکھنے کی خواہاں ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اس فیصلے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے یورپ کی ایک اور بڑی اسٹریٹجک غلطی قرار دیا۔ سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یورپی ممالک خطے میں استحکام لانے کے بجائے کشیدگی کو ہوا دے رہے ہیں۔

عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ اس وقت کچھ ممالک خطے کو مکمل جنگ سے بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر ان میں کوئی یورپی ملک شامل نہیں

۔ انہوں نے الزام لگایا کہ امریکہ کے کہنے پر اسنیپ بیک میکانزم کے بعد اب یورپ نے ایران کی قومی فوج کو دہشت گرد تنظیم قرار دے کر ایک اور سنگین غلطی کی ہے۔

انہوں نے یورپ کے مؤقف کو کھلی منافقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں پر کوئی اقدام نہیں کیا گیا، جبکہ ایران میں انسانی حقوق کے نام پر فوری ردعمل دیا جا رہا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق یہ فیصلہ یورپ کی کم ہوتی عالمی حیثیت کو چھپانے کی ایک تشہیری کوشش ہے۔

عباس عراقچی نے خبردار کیا کہ اگر خطے میں مکمل جنگ چھڑتی ہے تو اس کے سنگین اثرات خود یورپ کو بھی بھگتنا پڑیں گے، جن میں توانائی کی قیمتوں میں شدید اضافہ بھی شامل ہے، اور موجودہ پالیسی یورپی یونین کے اپنے مفادات کے خلاف ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں