نیدرلینڈز سفارتخانے کا انسانی حقوق ٹیولپ ایوارڈ نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس کو دے دیا گیا

0
3

اسلام آباد (ایم این این) – پاکستان میں نیدرلینڈز کے سفارتخانے نے انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لیے کی جانے والی کوششوں کے اعتراف میں سالانہ ہیومن رائٹس ٹیولپ ایوارڈ کی تقریب منعقد کی۔ رواں برس یہ باوقار ایوارڈ نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس (این سی ایچ آر) کو اس کے مؤثر ادارہ جاتی کردار، جوابدہی کے فروغ اور بنیادی آزادیوں کے تحفظ میں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔

تقریب کے دوران نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ نے این سی ایچ آر کی چیئرپرسن رابعہ جاویری آغا کو ہیومن رائٹس ٹیولپ ایوارڈ پیش کیا۔ اس موقع پر سفیر نے کہا کہ نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس نے یہ ثابت کیا ہے کہ ادارے درست جگہ پر روشنی ڈال کر حقیقی تبدیلی لا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ایوارڈ کے ذریعے عالمی انسانی اقدار سے مشترکہ وابستگی اور اس یقین کا اعادہ کیا جا رہا ہے کہ ترقی اس وقت ممکن ہوتی ہے جب ہمت اور ہمدردی یکجا ہوں۔

ایوارڈ وصول کرنے کے بعد این سی ایچ آر کی چیئرپرسن رابعہ جاویری آغا نے کہا کہ یہ اعزاز ہر اس خاموش آواز، نظر انداز کی گئی جدوجہد اور ہر اس کمزور فرد کے نام ہے جس نے انصاف کی امید کو زندہ رکھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان تمام کہانیوں کو اپنے ساتھ رکھتی ہیں اور جہاں لوگ خود بول نہیں سکتے وہاں آواز بنتی رہیں گی۔

تقریب میں انسانی حقوق کے لیے نیدرلینڈز کے سفیر وِم گیرٹس نے بھی شرکت کی، جو اس وقت پاکستان کے دورے پر ہیں۔ اپنے قیام کے دوران انہوں نے حکومتی حکام، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ فریقین سے ملاقاتیں کیں اور مشترکہ انسانی حقوق کی ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کی سول سوسائٹی کی فعالیت اور استقامت سے بے حد متاثر ہوئے ہیں اور ہر ملاقات میں انسانی وقار، انصاف اور مساوی حقوق کے لیے مضبوط عزم نظر آیا۔

اس تقریب میں وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف، ارکانِ پارلیمنٹ، پاکستان کی سول سوسائٹی کے نمائندوں اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں