برطانیہ کے بادشاہ ہنری ہشتم اور ان کی پہلی اہلیہ کیتھرین آف اَراگون سے منسوب ایک نایاب سونے کا دل نما لاکٹ برٹش میوزیم نے £3.5 ملین جمع کرنے کے بعد مستقل نمائش کے لیے حاصل کر لیا ہے۔
24 قیراط سونے سے تیار کردہ اس لاکٹ پر جوڑے کے ناموں کے ابتدائی حروف سرخ رنگ میں نقش ہیں، جبکہ اس پر ٹیوڈر گلاب اور انار کے درخت کی علامت بھی موجود ہے۔ یہ لاکٹ ان کی شادی کے ابتدائی دور کی محبت کی علامت ہے، اگرچہ یہ رشتہ بعد میں ناکام ہو گیا۔
یہ تاریخی زیور صدیوں تک لاپتہ رہا، تاہم 2019 میں وارکشائر کے ایک کھیت سے ایک میٹل ڈیٹیکٹر استعمال کرنے والے شخص نے اسے دریافت کیا۔ برطانوی قوانین کے تحت ایسے تاریخی نوادرات پہلے میوزیمز کو خریدنے کا حق دیا جاتا ہے۔
یہ لاکٹ ہنری اور کیتھرین کی 24 سالہ شادی سے بچ جانے والا واحد زیور سمجھا جاتا ہے، جس پر قدیم فرانسیسی زبان میں “tousiors” یعنی “ہمیشہ” درج ہے۔
تقریباً 45 ہزار افراد نے چندہ دیا جبکہ نیشنل ہیریٹیج میموریل فنڈ اور دیگر اداروں نے بھی مالی معاونت فراہم کی۔ خریدی گئی رقم کا نصف دریافت کرنے والے اور نصف زمین کے مالک کو دیا جائے گا۔
برٹش میوزیم کے ڈائریکٹر نکولس کلینن کے مطابق یہ لاکٹ انگلینڈ کی تاریخ کے ایک کم معروف مگر اہم باب کو عوام کے سامنے لاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ لاکٹ 1518 میں ہنری اور کیتھرین کی بیٹی میری کی فرانسیسی ولی عہد سے منگنی کی خوشی میں تیار کیا گیا تھا، تاہم بعد میں ہنری نے این بولین سے شادی کے لیے کیتھرین سے علیحدگی اختیار کر لی اور کیتھولک چرچ سے بھی علیحدہ ہو گیا۔


