کینیڈا کے اسکول میں فائرنگ، آٹھ افراد ہلاک؛ ملزمہ نے خودکشی کرلی

0
1

وینکوور، برٹش کولمبیا (ایم این این): کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے علاقے ٹمبلر رج میں ایک 18 سالہ لڑکی نے اسکول میں فائرنگ کر کے آٹھ افراد کو قتل کرنے کے بعد خود کو گولی مار کر ہلاک کر لیا۔ حکام کے مطابق ملزمہ کی ذہنی صحت سے متعلق پولیس سے پہلے بھی رابطے ہو چکے تھے۔

رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس کے ڈپٹی کمشنر ڈوین میکڈونلڈ نے بتایا کہ جیسی وین روٹسیلار نامی ملزمہ نے پہلے اپنے گھر میں اپنی 39 سالہ والدہ اور 11 سالہ سوتیلے بھائی کو قتل کیا، جس کے بعد قریبی اسکول میں حملہ کیا۔

پولیس نے واضح کیا کہ ہلاکتوں کی تعداد آٹھ ہے، جبکہ ابتدائی طور پر نو افراد کی ہلاکت کی اطلاع دی گئی تھی۔ 25 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔

اسکول میں ہلاک ہونے والوں میں ایک 39 سالہ استاد اور 12 سے 13 سال عمر کے پانچ طلبہ شامل ہیں۔ کچھ لاشیں لائبریری جبکہ ایک سیڑھیوں کے قریب سے ملی۔ حکام کے مطابق کسی مخصوص شخص کو نشانہ بنانے کے شواہد نہیں ملے۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے ایک لمبی بندوق اور ترمیم شدہ ہینڈ گن برآمد کی۔ اطلاع ملنے کے دو منٹ کے اندر پولیس موقع پر پہنچ گئی، جہاں ان پر بھی فائرنگ کی گئی۔

ٹمبلر رج تقریباً 2,700 افراد پر مشتمل ایک چھوٹا پہاڑی قصبہ ہے جو البرٹا کی سرحد کے قریب واقع ہے۔ یہ حملہ 2020 کے بعد کینیڈا کا سب سے مہلک واقعہ ہے، جب نووا اسکاٹیا میں فائرنگ سے 22 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

وزیر اعظم مارک کارنی نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سات دن تک سرنگوں رہے گا۔

مقامی میئر ڈیرل کراکووکا نے واقعے کو تباہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کمیونٹی ایک بڑے خاندان کی طرح ہے۔ اسکول ضلعی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ تمام اسکول ہفتے کے باقی دنوں کے لیے بند رہیں گے۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں