اسپورٹس ڈیسک (ایم این این): پاکستان نے مصر میں کھیلے گئے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائر کے سیمی فائنل میں جاپان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3-4 سے شکست دے کر ہاکی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
یہ کامیابی پاکستان کی آٹھ سال بعد عالمی ہاکی ایونٹ میں واپسی کی ضمانت بن گئی ہے۔ آئندہ ہاکی ورلڈ کپ اگست میں بیلجیئم اور نیدرلینڈز میں مشترکہ طور پر منعقد ہوگا۔
کپتان عماد بٹ کی قیادت میں پاکستان نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے میچ اپنے نام کیا۔ تیسرے کوارٹر میں پاکستان کو 1-3 سے خسارے کا سامنا تھا تاہم آخری کوارٹر کے آخری نو منٹوں میں تین گول کر کے گرین شرٹس نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔
میچ کے نویں منٹ میں عماد بٹ نے شاندار فیلڈ گول کر کے پاکستان کو ابتدائی برتری دلائی جو پہلے کوارٹر کے اختتام تک برقرار رہی۔
دوسرے کوارٹر کے 21ویں منٹ میں جاپان کے ریوما اوکا نے فیلڈ گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔
تیسرے کوارٹر میں جاپان نے میچ پر کنٹرول حاصل کر لیا جب 35ویں منٹ میں شوتا یامادا اور 40ویں منٹ میں یاماساکی کوجی نے گول کر کے اپنی ٹیم کو 1-3 کی مضبوط برتری دلائی۔
تاہم آخری کوارٹر میں پاکستان نے زبردست واپسی کی۔ 52ویں منٹ میں ابو بکر محمود نے گول کر کے خسارہ کم کیا جبکہ 55ویں منٹ میں سفیان خان نے گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔
اس کے بعد 57ویں منٹ میں افراز نے فیصلہ کن گول کر کے پاکستان کو 3-4 کی برتری دلا دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔
میچ کے اختتام سے دو منٹ قبل جاپان کو اسکور برابر کرنے کا سنہری موقع ملا تاہم فوجیشیما رائیکی پنالٹی اسٹروک پر گول کرنے میں ناکام رہے۔
پاکستان نے کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے گروپ مرحلے میں چین کو 4-5، ملائیشیا کو 3-5 اور آسٹریا کو 2-4 سے شکست دی تھی جبکہ سیمی فائنل میں جاپان کو 3-4 سے ہرایا۔
پاکستان اب ہفتہ کو اسی میدان میں کھیلے جانے والے فائنل میں انگلینڈ کا مقابلہ کرے گا جس نے دوسرے سیمی فائنل میں ملائیشیا کو 1-7 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔
ایک وقت میں عالمی ہاکی کی طاقت سمجھی جانے والی اور چار مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم حالیہ برسوں میں مشکلات کا شکار رہی۔ پاکستان 2014 میں نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکا تھا جبکہ 2018 میں بھارت کے شہر بھوبنیشور میں ہونے والے ایونٹ میں بارہویں پوزیشن پر رہا۔ پاکستان 2023 میں بھارت کے شہر اڈیشہ میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے بھی کوالیفائی کرنے میں ناکام رہا تھا۔


