پیرو (ایم این این): جنوبی امریکی ملک کولمبیا میں ایک فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ پرواز کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم ایک شخص ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔
کولمبیا کے وزیر دفاع پیڈرو سانچیز کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ صوبہ پوتومایو کے دور دراز علاقے پورٹو لیگزامو میں پیش آیا، جو پیرو اور ایکواڈور کی سرحد کے قریب واقع ہے۔
کولمبیا کی فضائیہ کے مطابق حادثے کے وقت طیارے میں 121 افراد سوار تھے، جن میں 110 فوجی اہلکار اور 11 عملے کے ارکان شامل تھے۔ اب تک 77 زخمیوں کو ریسکیو کر لیا گیا ہے جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
حکام کے مطابق ہرکولیس سی 130 طیارہ فوجیوں کو ایک شہر سے دوسرے شہر منتقل کر رہا تھا کہ فنی خرابی کے باعث ایئرپورٹ سے تقریباً دو کلومیٹر دور گر کر تباہ ہو گیا۔
مقامی ذرائع ابلاغ پر نشر ہونے والی ویڈیوز میں حادثے کے مقام سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے، جبکہ مقامی افراد نے زخمیوں کو موٹر سائیکلوں پر منتقل کر کے امدادی کاموں میں حصہ لیا۔
کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو نے ایک ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور فوجی ساز و سامان کی جدیدکاری میں تاخیر پر سوالات اٹھاتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیا۔
حکام نے زخمیوں کو دارالحکومت بوگوٹا اور دیگر شہروں کے اسپتالوں میں منتقل کرنے کے لیے خصوصی طیارے روانہ کر دیے ہیں۔
حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں جبکہ امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔


