روس کا یوکرین پر بڑا ڈرون حملہ، نئی فوجی مہم کے آثار

0
2

نیوز ڈیسک (ایم این این) – روس نے یوکرین کے خلاف جنگ کے آغاز کے بعد اپنے بڑے فضائی حملوں میں سے ایک کرتے ہوئے 24 گھنٹوں میں 948 ڈرون داغے، جسے نئی فوجی مہم کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔

یوکرینی حکام کے مطابق منگل کے روز دن کے وقت ہونے والے حملوں میں ایوانو فرانکیوسک میں دو افراد جبکہ وینیتسیا ریجن میں ایک شخص ہلاک ہوا۔ اس سے قبل رات بھر 11 علاقوں میں حملوں کے نتیجے میں مزید پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے، جن میں پولتاوا ریجن، زاپوریژیا ریجن، خیرسون ریجن اور خارکیف ریجن شامل ہیں۔

لوویو میں ایک ڈرون تاریخی عمارت سے ٹکرا گیا، جس سے چرچ کے قریب واقع یونیسکو کے عالمی ورثہ مقام کو نقصان پہنچا۔ گورنر میکسم کوزیتسکی نے اس کی تصدیق کی۔

یوکرین کی وزیر اعظم یولیا سویریڈینکو نے کہا کہ روس نے دن دہاڑے ایک گنجان آباد شہر کو نشانہ بنایا۔

صدر وولودیمیر زیلنسکی نے اتحادی ممالک سے فوری مدد کی اپیل کرتے ہوئے خبردار کیا کہ یوکرین کو فضائی دفاعی میزائلوں کی کمی کا سامنا ہو سکتا ہے، خاص طور پر جب امریکا کی توجہ مشرق وسطیٰ کی جنگ پر مرکوز ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اتحادی ممالک اپنے وعدوں کو جلد پورا کریں تاکہ جنگ کے خاتمے کی راہ ہموار ہو سکے۔

دوسری جانب مشرقی محاذ پر شدید لڑائی جاری ہے، جہاں یوکرینی فوج کے سربراہ اولیکساندر سرسکی کے مطابق روسی افواج نے حالیہ دنوں میں سینکڑوں حملے کیے اور دفاعی لائنیں توڑنے کی کوشش کی۔

انسٹی ٹیوٹ فار دی اسٹڈی آف وار کے مطابق روس کی جانب سے فوج اور بھاری ہتھیاروں کی منتقلی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ نئی مہم شروع ہو چکی ہے۔

روس اس وقت یوکرین کے تقریباً 20 فیصد علاقے پر قابض ہے اور موسم بہتر ہونے کے ساتھ اپنی کارروائیاں تیز کر رہا ہے، تاہم اسے بڑے شہروں پر قبضہ کرنے میں کامیابی نہیں مل سکی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں