وزیراعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات، خلیجی صورتحال اور قومی امور پر تبادلہ خیال

0
3

اسلام آباد (ایم این این) – وزیراعظم شہباز شریف نے بدھ کے روز پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی، جس میں خلیج کی بدلتی ہوئی صورتحال، امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ اور اہم قومی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے بلاول بھٹو زرداری کو خطے میں بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر عالمی امن کے فروغ کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ملک کی سیاسی صورتحال اور داخلی سلامتی کو درپیش چیلنجز پر بھی گفتگو کی۔

بلاول بھٹو زرداری نے موجودہ حالات سے نمٹنے کیلئے وفاقی حکومت کی پالیسیوں اور اقدامات کو سراہتے ہوئے مشکل وقت میں وزیراعظم کی قیادت کو قابل تحسین قرار دیا۔

اس موقع پر سندھ میں وفاقی حکومت کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی شریک تھے۔

یہ ملاقات ایک روز قبل وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اسلام آباد کو امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ مذاکرات کیلئے بطور مقام پیش کیے جانے کے بعد ہوئی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں