ابوظہبی میں میزائل کے ملبے سے ایک اور پاکستانی جاں بحق، تعداد چار ہوگئی

0
2

اسلام آباد (ایم این این) – متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں میزائل کو فضا میں ناکارہ بنانے کے بعد گرنے والے ملبے کے باعث ایک اور پاکستانی شہری جاں بحق ہوگیا، جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد چار ہوگئی ہے۔

ابوظہبی کے سرکاری میڈیا دفتر کے مطابق سویحان اسٹریٹ پر پیش آنے والے واقعے میں بیلسٹک میزائل کو روکنے کے دوران گرنے والے ملبے سے دو افراد ہلاک، تین زخمی جبکہ متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

بعد ازاں جاری بیان میں تصدیق کی گئی کہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک پاکستانی اور ایک بھارتی شہری شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں اماراتی، اردنی اور بھارتی شہری شامل ہیں جن کی حالت درمیانی سے تشویشناک بتائی گئی ہے۔

حکام نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ صرف سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کریں اور افواہوں سے گریز کریں۔

متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفارت خانے نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان سے تعزیت کی ہے اور یقین دہانی کرائی ہے کہ مقامی حکام کے ساتھ مل کر ہر ممکن تعاون فراہم کیا جا رہا ہے اور میت کی جلد وطن واپسی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اس سے قبل سترہ مارچ کو بھی اسی نوعیت کے واقعے میں ایک پاکستانی شہری جاں بحق ہوا تھا، جبکہ آٹھ مارچ کو دبئی کے علاقے البرشا میں گاڑی پر ملبہ گرنے سے ایک پاکستانی ڈرائیور جان سے گیا تھا۔

اسی طرح اٹھائیس فروری کو ابوظہبی میں مرید زمان نامی پاکستانی شہری ملبہ گرنے سے جاں بحق ہوا تھا، جس روز امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد جنگ کا آغاز ہوا تھا۔

علاوہ ازیں آٹھ مارچ کو گوادر سے تعلق رکھنے والا ایک ماہی گیر ایرانی سمندری حدود میں اس وقت جاں بحق ہوگیا تھا جب اسرائیلی میزائل کے ملبے نے اس کی کشتی کو نشانہ بنایا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں