دوحہ (ایم این این): قطر اور یوکرین نے ہفتہ کے روز میزائل اور ڈرون خطرات سے نمٹنے کے لیے دفاعی معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جب کہ خطے میں فضائی حملوں کے باعث کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
قطر کی وزارت دفاع کے مطابق اس معاہدے میں جدید ٹیکنالوجی میں تعاون، مشترکہ سرمایہ کاری اور میزائلوں اور بغیر پائلٹ طیاروں کے خلاف مہارت کے تبادلے کو شامل کیا گیا ہے۔ یہ معاہدہ یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی کے دورہ خلیج کے دوران طے پایا۔
زیلنسکی نے اپنے دورے کے دوران متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے ساتھ بھی دفاعی تعاون کو فروغ دیا۔ اماراتی صدر محمد بن زاید آل نہیان کے ساتھ ملاقات میں دونوں ممالک نے سیکیورٹی اور دفاع کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا۔
اس کے علاوہ یوکرین نے سعودی عرب کے ساتھ فضائی دفاع کا معاہدہ بھی کیا، جس کے ذریعے کیف خطے میں اپنے اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنا رہا ہے۔
یوکرین ڈرونز کے خلاف اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے خلیجی ممالک کی مدد کر رہا ہے اور اس نے اپنے ماہرین مختلف ممالک میں تعینات بھی کیے ہیں۔
زیلنسکی نے کہا کہ موجودہ خطرات کے پیش نظر استحکام اور انسانی جانوں کا تحفظ تمام ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور یوکرین نہ صرف مدد حاصل کرنا چاہتا ہے بلکہ اپنے شراکت داروں کی مدد کے لیے بھی تیار ہے۔
یوکرین نے اپنے فضائی دفاعی نظام کو مؤثر قرار دیتے ہوئے خلیجی ممالک کے ساتھ مشترکہ تعاون کی پیشکش کی ہے تاکہ خطے میں سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔


