محکمہ موسمیات نے ملک کے میدانی علاقوں میں آئندہ دنوں اسموگ میں اضافے کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کر دی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق نومبر سے دسمبر کے دوران فضائی آلودگی میں شدت آسکتی ہے جس سے لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان اور شیخوپورہ سمیت پنجاب کے متعدد شہر متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خشک اور پرسکون موسم فضائی آلودگی کے پھیلاؤ میں اضافہ کر رہا ہے، جس کے باعث اسموگ کی شدت بڑھنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بڑھتی ہوئی اسموگ سانس، دمہ اور آنکھوں کی بیماریوں کا باعث بن سکتی ہے، اس لیے بچوں، بزرگوں اور مریضوں کو خصوصی احتیاط کی ضرورت ہے۔
ادارے نے شہریوں کو غیر ضروری بیرونی سرگرمیوں سے گریز اور ماسک کے استعمال کی تاکید کی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ فضائی معیار میں کمی کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے سے ٹریفک حادثات کے امکانات بھی بڑھ سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو فضائی آلودگی کے تدارک کے لیے فوری اقدامات کی سفارش کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ فصلوں کی باقیات نہ جلائیں اور گاڑیوں کے دھوئیں کے اخراج کو کم کرنے کے لیے مناسب تدابیر اختیار کریں۔


