گڑھی خدا بخش / اسلام آباد (ایم این این): پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک کو درپیش معاشی چیلنجز کے پیش نظر قومی اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔ یہ بات انہوں نے گڑھی خدا بخش میں ذوالفقار علی بھٹو کی 47ویں برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ وفاق، صوبے اور تمام سیاسی جماعتیں متحد ہو کر ہی ان مشکلات کا مقابلہ کر سکتی ہیں، اور اگر اندرونی اتحاد قائم رہا تو کوئی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔
بلاول بھٹو نے خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی بھی تعریف کی، جنہوں نے صدر اور وزیر اعظم کے ساتھ ہونے والی مشاورت میں مثبت کردار ادا کیا۔
انہوں نے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس کے اثرات پاکستان سمیت پوری دنیا پر پڑ رہے ہیں، خصوصاً پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی صورت میں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان سمیت دیگر ممالک کی سفارتی کوششیں کامیاب ہوں گی اور جنگ بندی ممکن ہو سکے گی۔
بلاول بھٹو نے ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھ کر ملک کے دفاع کو مضبوط بنایا۔
انہوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو موجودہ حالات میں غریب عوام کے لیے ایک اہم سہارا قرار دیتے ہوئے تجویز دی کہ اگر منی بجٹ لایا جائے تو اس کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اس حوالے سے وفاقی حکومت کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔
دوسری جانب ملک بھر میں ذوالفقار علی بھٹو کی 47ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ مختلف شہروں میں قرآن خوانی، فاتحہ خوانی اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

بلوچستان میں پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پارٹی رہنماؤں، کارکنان اور خواتین ونگ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بلوچستان اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ نے تقریب میں شرکت کرتے ہوئے بھٹو کی خدمات کو سراہا۔
پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی رہنما صباء خان کاکڑ نے بھی شرکت کی اور شہید قائد عوام کے مشن سے وابستگی کا اعادہ کیا۔
تقریبات کے اختتام پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اور ان کے نظریے کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔


