اڈیالہ جیل میں عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کیلئے چھ رکنی فہرست جمع

0
2

راولپنڈی (ایم این این): پاکستان تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کیلئے چھ افراد پر مشتمل فہرست جیل حکام کو ارسال کر دی ہے، ملاقات کل متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ فہرست پی ٹی آئی کوآرڈینیٹر سلمان اکرم راجہ کی جانب سے بھجوائی گئی، جس میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان، سلمان اکرم راجہ اور علی زمان شامل ہیں۔ دیگر ناموں میں فتح اللہ برقی، ملک محمد احسن قادر اور ماریہ خان بلوچ شامل ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی بھی کل اڈیالہ جیل آمد متوقع ہے، جبکہ بشریٰ بی بی کے اہل خانہ بھی ملاقات کیلئے جیل پہنچیں گے۔

یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب قید پی ٹی آئی قیادت سے ملاقاتوں پر سخت قواعد و ضوابط نافذ ہیں اور ہر ملاقات جیل انتظامیہ کی اجازت سے ہی ممکن ہوتی ہے۔


بانی پی ٹی آئی دو ہزار بائیس میں اقتدار سے علیحدگی کے بعد مختلف مقدمات میں گرفتاری کے باعث طویل عرصے سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔ اس دوران ان تک رسائی ایک حساس سیاسی معاملہ بنی ہوئی ہے اور پارٹی رہنما بارہا ملاقاتوں پر عائد پابندیوں پر تحفظات کا اظہار کرتے رہے ہیں۔

بشریٰ بی بی کو بھی قانونی مقدمات کا سامنا ہے جس کے باعث ان کی حراست نے سیاسی ماحول کو مزید کشیدہ بنا دیا ہے۔ پی ٹی آئی قیادت کا مؤقف ہے کہ ملاقاتیں قانونی مشاورت اور جماعتی امور کیلئے ضروری ہیں، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ تمام ملاقاتیں جیل قوانین اور سکیورٹی تقاضوں کے مطابق کرائی جاتی ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں