لاہور – سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی زیر صدارت اہم اجلاس میں پاکستان ریلوے اور حکومت پنجاب کے درمیان شراکت داری کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت پنجاب میں 9 ریلوے روٹس کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا۔ حکام کے مطابق ان منصوبوں سے 8 کروڑ سے زائد شہری مستفید ہوں گے۔
اجلاس میں لاہور سے راولپنڈی فاسٹ ٹرین منصوبے اور ریلوے ٹریکس کی ری ویمپنگ پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جس سے حادثات میں نمایاں کمی متوقع ہے۔ لاہور ریلوے اسٹیشن کی تعمیر و بحالی پر بھی کام جاری ہے۔
نیسپاک کی جانب سے 8 سب اربن لوپس کی فزیبلٹی سٹڈی کے بعد ایم او یو سائن کرنے پر غور کیا گیا۔ قصور کے ریلوے اسٹیشنز خصوصاً کڈیاں خاص کے اطراف گرین بیلٹس کے قیام کا بھی جائزہ لیا گیا۔
لاہور، راولپنڈی اور ملتان کے ریلوے اسٹیشنز کی صفائی کو سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سپرد کرنے اور ریلوے ٹریکس کے اطراف جنگلات لگانے کے منصوبے پر بھی بات چیت ہوئی، جسے ایک سال میں مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔ “پلانٹ ڈاکٹر” ایپ کے ذریعے مانیٹرنگ جاری ہے۔
اجلاس میں آثار قدیمہ کے حکام نے ریلوے اسٹیشنز پر جدید کیفیز کے قیام پر بریفنگ دی۔ بعد ازاں وزراء نے لاہور ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا اور پارکنگ، انتظار گاہ، مسجد اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔
مریم اورنگزیب نے شہریوں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے اور کہا کہ حکومت عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور ہفتہ وار جائزے کی بھی ہدایت کی۔


