اسحاق ڈار کے سعودی، مصری اور ترک وزرائے خارجہ سے رابطے، مکالمے پر زور

0
2

اسلام آباد (ایم این این) — نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اتوار کے روز امریکہ اور ایران کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کی ناکامی کے بعد سفارتی کوششیں جاری رکھنے اور مکالمے کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے سعودی عرب، مصر اور ترکی کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے کیے اور اسلام آباد مذاکرات سے متعلق پیش رفت سے آگاہ کیا۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے گفتگو میں اسحاق ڈار نے تمام فریقین پر جنگ بندی معاہدے کی پابندی کی اہمیت پر زور دیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو اجاگر کیا۔

مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ جنگ بندی پر عملدرآمد ناگزیر ہے اور پائیدار امن کے لیے سفارتکاری اور مذاکرات کا تسلسل ضروری ہے۔

ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے گفتگو میں بھی اسحاق ڈار نے اسلام آباد مذاکرات کی تفصیلات سے آگاہ کیا، جبکہ ہاکان فیدان نے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے مکالمے اور سفارتکاری کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

ہاکان فیدان نے اسحاق ڈار کو رواں ماہ منعقد ہونے والے انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

یہ رابطے ایسے وقت میں ہوئے جب واشنگٹن اور تہران کے درمیان پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے مذاکرات بغیر کسی معاہدے کے ختم ہوگئے۔ یہ مذاکرات امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کم کرنے کے لیے کیے جا رہے تھے۔

پاکستان نے اس پورے عمل میں ثالث کا کردار ادا کیا، جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف اور اسحاق ڈار نے آغاز ہی سے علاقائی رہنماؤں سے رابطے کر کے کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات پر زور دیا۔

پاکستان نے امریکہ اور ایران کے درمیان تجاویز کے تبادلے میں بھی اہم کردار ادا کیا، تاہم دونوں فریقین کے مؤقف میں اختلافات برقرار رہے جس کے باعث معاہدہ نہ ہو سکا۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کو جنگ بندی کی ڈیڈ لائن دینے اور آبنائے ہرمز کھولنے کا مطالبہ کرنے سے کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا، تاہم پاکستان کی کوششوں کے بعد عارضی مہلت دی گئی جس کے نتیجے میں اسلام آباد میں مذاکرات ہوئے، لیکن وہ بھی کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں