واشنگٹن (ایم این این): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جاری تنازع میں جوہری ہتھیار استعمال نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے ہتھیار کسی بھی ملک کو استعمال نہیں کرنے چاہئیں۔
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ روایتی طریقوں سے ایران کو بھاری نقصان پہنچا چکا ہے۔ انہوں نے کہا، “میں جوہری ہتھیار کیوں استعمال کروں؟ ہم نے بغیر اس کے ہی انہیں شدید نقصان پہنچایا ہے۔”
صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ وہ ایران کے ساتھ کسی معاہدے میں جلدی نہیں کرنا چاہتے بلکہ ایک پائیدار اور مؤثر معاہدہ چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وقت کا دباؤ امریکہ پر نہیں بلکہ ایران پر ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی فوجی صلاحیتیں شدید متاثر ہو چکی ہیں اور چار ہفتوں میں اس کی فوج کو “تباہ” کر دیا گیا۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ ایران کی قیادت اندرونی اختلافات کا شکار ہے۔
اقتصادی دباؤ کا حوالہ دیتے ہوئے ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر ایران کی تیل کی پیداوار متاثر ہوئی تو اس کے بنیادی ڈھانچے کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جبکہ سخت ناکہ بندی کے باعث ایران کی کاروباری سرگرمیاں محدود ہو چکی ہیں۔
سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں ٹرمپ نے ایک بار پھر کہا کہ وہ جنگ کے خاتمے میں جلدی میں نہیں ہیں اور ایران کے ساتھ کوئی بھی معاہدہ اسی وقت کیا جائے گا جب وہ امریکہ، اس کے اتحادیوں اور عالمی امن کے مفاد میں ہوگا۔


