ہفتہ, نومبر 8, 2025
ہومتازہ ترینوزیر اعظم شہباز شریف: پاکستان خطے کی اقتصادی راہداری کا مرکز بننے...

وزیر اعظم شہباز شریف: پاکستان خطے کی اقتصادی راہداری کا مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا جغرافیائی محلِ وقوع اسے خطے کے تجارتی اور معاشی روابط کا مرکز بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین گرم سمندروں اور خلیجِ فارس کو عظیم ہمالیہ اور قراقرم کی برف پوش چوٹیوں سے ملاتی ہے، جب کہ صدیوں پرانی وادیِ سندھ اس خطے کے تاریخی تسلسل کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طویل ساحلی پٹی اور گوادر کے ساتھ کراچی سمیت دیگر بندرگاہیں مستقبل میں بحری سلک روڈ کے اہم تجارتی مراکز ثابت ہوں گی۔

وزیر اعظم نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے وژن اور دور اندیشی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت کا ایک ابتدائی منصوبہ سی پیک تھا، جس نے چین، وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کو آپس میں جوڑ کر ایک نئے دور کی بنیاد رکھی۔

انہوں نے بتایا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے کی کامیابی کے بعد پاکستان اب سی پیک 2.0 کے "انتہائی اہم اور دلچسپ مرحلے” میں داخل ہو رہا ہے، جو کاروباری شراکت داریوں اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ پر مرکوز ہوگا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں رابطے کا مطلب صرف سڑکیں، ریل یا فضائی نیٹ ورک نہیں بلکہ ڈیٹا، تحقیق، اختراع اور ٹیکنالوجی کا اشتراک بھی ہے۔ پاکستان جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کر رہا ہے تاکہ وہ چوتھے صنعتی انقلاب کے ساتھ قدم سے قدم ملا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی 15 سے 30 سال کی عمر کے درمیان ہے، جو ایک چیلنج کے ساتھ ایک بہت بڑا موقع بھی ہے۔ “اگر ہم اپنے نوجوانوں کو آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور فنی تربیت کے مواقع فراہم کر سکیں تو یہی ہمارا سب سے بڑا سرمایہ ہوگا۔”

وزیر اعظم شہباز شریف نے آخر میں کہا: “ہمارے پاس تیل نہیں، مگر ہمارے پاس نوجوان ہیں — یہی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی اصل طاقت ہیں۔”

متعلقہ پوسٹ

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -
Google search engine

رجحان