ہفتہ, نومبر 8, 2025
ہومتازہ ترینانڈور میں آسٹریلوی خاتون کرکٹرز کا تعاقب اور ہراسانی، بھارتی شخص گرفتار

انڈور میں آسٹریلوی خاتون کرکٹرز کا تعاقب اور ہراسانی، بھارتی شخص گرفتار


بھارتی پولیس نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جس پر الزامات ہیں کہ اس نے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں شریک دو آسٹریلوی خواتین کھلاڑیوں کا پیچھا کیا اور ان کے ساتھ نازیبا رویہ اختیار کیا۔ یہ واقعہ بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر انڈور میں جمعرات کی صبح پیش آیا۔

پولیس کے مطابق دونوں کرکٹرز ہوٹل سے ایک کیفے کی جانب جا رہی تھیں جب ایک موٹر سائیکل سوار نے ان کا پیچھا کیا اور انہیں ہراساں کرنے کی کوشش کی۔ یہ واقعہ انگلینڈ کے خلاف آسٹریلیا کی چھ وکٹوں سے فتح کے اگلے روز پیش آیا۔

انڈور پولیس کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجیش دندوتیہ نے خبر رساں ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ ’’آسٹریلوی ویمن ٹیم کے سیکیورٹی افسران کی جانب سے شکایت درج کرائی گئی، جس کے بعد ایف آئی آر درج کی گئی اور ملزم کو حکمتِ عملی کے تحت گرفتار کیا گیا۔‘‘

پولیس کے مطابق 30 سالہ گرفتار شخص کا مجرمانہ ریکارڈ موجود ہے اور اس پر تعزیراتِ ہند کی دفعات 74 اور 78 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جن کا تعلق خواتین کی عصمت پر حملہ یا ہراسانی اور اسٹاکنگ سے ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے دوران سیکیورٹی میں کسی کوتاہی کی تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’’ٹیم سیکیورٹی نے معاملے کی اطلاع مقامی پولیس کو دی، جو اسے دیکھ رہی ہے۔‘‘

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری دیواجیت سیکیا نے اس واقعے کو ’’افسوسناک اور الگ تھلگ‘‘ قرار دیا اور کہا کہ مدھیہ پردیش پولیس نے فوری اور مؤثر کارروائی کر کے ملزم کو گرفتار کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ خواتین کھلاڑیوں کی حفاظت کے لیے حفاظتی انتظامات مزید بہتر بنائے جائیں گے۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ٹیم کے سیکیورٹی منیجر کو ایک کھلاڑی کی جانب سے پیغام موصول ہوا جس میں لکھا تھا، ’’ایک شخص ہمارا پیچھا کر رہا ہے اور ہمیں پکڑنے کی کوشش کر رہا ہے۔‘‘ ٹیم حکام فوری طور پر موقع پر پہنچے اور بعد میں پولیس کی نگرانی میں دونوں کھلاڑیوں کو بحفاظت ہوٹل واپس لایا گیا۔

بھارت میں خواتین کے خلاف تشدد ایک سنگین مسئلہ بنا ہوا ہے۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ملک میں روزانہ اوسطاً 90 سے زائد ریپ کے کیسز رپورٹ ہوتے ہیں، اگرچہ حالیہ برسوں میں خواتین کے حقوق اور برابری کے حوالے سے پیش رفت ضرور ہوئی ہے۔

متعلقہ پوسٹ

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -
Google search engine

رجحان