لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے اتوار کے روز جاتی عمرہ میں مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک تھیں۔ پارٹی معاملات کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت اور گورننس کے امور بھی زیرِ بحث آئے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ ملکی معیشت کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی انتھک محنت کو سراہا اور کہا کہ عالمی سطح پر بھی ان کی کارکردگی کی تعریف کی جا رہی ہے۔
سابق وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت کی بھی تعریف کی اور کہا کہ وہ صوبے میں امن و امان اور ترقی کے حوالے سے شاندار اقدامات کر رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ملکی استحکام، اقتصادی بہتری اور عوامی ریلیف کے لیے مشترکہ طور پر کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان اختلافات، خیبر پختونخوا کی صورتحال اور پنجاب کے بلدیاتی انتخابات پر بھی مشاورت کی گئی۔
اس موقع پر پاک افغان سرحد کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستانی مسلح افواج کو افغانستان کی اشتعال انگیزیوں کے موثر اور جامع جواب پر خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔
بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما میاں مرغوب احمد کے گھر جا کر ان کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کی۔


