بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کی نواسی اور شویتا بچن کی بیٹی نویہ نویلی نندا نے فلمی دنیا میں قدم رکھنے کے بجائے اپنے خاندانی کاروبار سے منسلک ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
حالیہ انٹرویو میں نویہ نے واضح کیا کہ وہ اداکاری یا فلم انڈسٹری کا حصہ بننے میں دلچسپی نہیں رکھتیں، بلکہ ان کا رجحان کاروبار اور اختراعی منصوبوں کی جانب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی پہچان شوبز کے بجائے بزنس کے میدان میں بنانا چاہتی ہیں۔
نویہ اس وقت اپنے خاندان کے ادارے "ایسکارٹس گروپ” کے ساتھ کام کر رہی ہیں، جو زرعی اور تعمیراتی مشینری کے شعبے میں ملک کا ایک بڑا ادارہ ہے، جس کی مالیت تقریباً 40 ہزار کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے خود ایک ٹریکٹر اسمبل کیا تاکہ کمپنی کے کام کا عملی تجربہ حاصل ہو سکے۔
اس کے علاوہ، نویہ "پروجیکٹ نویلی” کے نام سے ایک سماجی منصوبہ بھی چلا رہی ہیں، جس کا مقصد خواتین کو تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
نویہ نندا کے اس فیصلے کو سوشل میڈیا پر خوب سراہا جا رہا ہے، اور صارفین کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک نئی مثال قائم کی ہے کہ کامیابی کے لیے فلم انڈسٹری ہی واحد راستہ نہیں۔


