پاپ گلوکار جسٹن بیبر نے حالیہ بیان سے مداحوں میں بحث چھیڑ دی ہے، جس میں انہوں نے کہا کہ کسی دوسری عورت کے بارے میں جنسی طور پر سوچنا بھی بے وفائی کے برابر ہے۔
31 سالہ گلوکار نے اپنے دوستوں کے ساتھ ایک ٹوئچ لائیو اسٹریم کے دوران کھانے کے وقت یہ بات کہی۔
بیبر نے کہا، "اگر آپ کسی عورت کے بارے میں شہوانی طور پر سوچتے ہیں تو یہ بالکل ایسا ہی ہے جیسے آپ نے واقعی بے وفائی کی ہو۔ اگر وہ خیال ایک لمحے کے لیے بھی ذہن میں آئے تو وہ گناہ کے مترادف ہے۔”
جسٹن بیبر، جو سات سال سے ماڈل ہیلی بیبر کے شوہر ہیں، نے مزید کہا، "اگر آپ کسی شخص کے ساتھ غصے یا نفرت سے پیش آتے ہیں تو یہ ایسے ہی ہے جیسے آپ نے اسے مار دیا ہو۔”
ان کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر ملے جلے ردعمل کو جنم دیا۔
ایک صارف نے لکھا، "حیاتیاتی طور پر ہر مرد کسی نہ کسی دوسری عورت کی طرف کشش محسوس کرتا ہے، اصل بات یہ ہے کہ وہ ان خیالات پر قابو کیسے پاتا ہے۔”
جبکہ ایک اور صارف نے طنز کرتے ہوئے کہا، "جسٹن بیبر تو ایسے بول رہے ہیں جیسے اتوار اسکول کی کلاس لے رہے ہوں، حالانکہ ان کے آدھے گانے بے وفائی کے اعتراف جیسے لگتے ہیں۔”


