وزیراعظم شہباز شریف اہم سفارتی دورے پر جدہ پہنچ گئے

0
1

جدہ (ایم این این) — وزیراعظم شہباز شریف بدھ کے روز اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے سرکاری دورے پر جدہ پہنچ گئے، جہاں سے وہ قطر اور ترکیہ کا بھی دورہ کریں گے۔

وزیراعظم کا استقبال مکہ ریجن کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز، پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے کیا۔

جدہ میں قیام کے دوران وزیراعظم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے جس میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی سمیت دیگر اعلیٰ حکام شامل ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق سعودی عرب اور قطر کے دورے دوطرفہ تعاون اور علاقائی امن و سلامتی پر مرکوز ہوں گے، جبکہ ترکیہ میں وزیراعظم انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کریں گے اور عالمی رہنماؤں کے ساتھ پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔ اس موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان سمیت دیگر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی برقرار ہے اور پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، جس کے نتیجے میں ایک نازک جنگ بندی اور ابتدائی مذاکرات ممکن ہوئے۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات دفاعی تعاون، اقتصادی شراکت داری اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔ حالیہ پیش رفت میں سعودی عرب نے پاکستان کے لیے مزید 3 ارب ڈالر جمع کرانے اور موجودہ 5 ارب ڈالر کی سہولت میں تین سال کی توسیع کا اعلان کیا ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون بھی مضبوط ہو رہا ہے، جبکہ گزشتہ سال دستخط کیے گئے اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کے تحت کسی ایک ملک پر حملہ دونوں کے خلاف تصور کیا جائے گا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں