غیر ملکی وفود کی آمد، اسلام آباد کا ریڈ زون سیل، سیکیورٹی ہائی الرٹ

0
1

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں غیر ملکی وفود کی آمد کے پیش نظر ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے، جبکہ شہریوں کی سہولت کے لیے متبادل ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ریڈ زون اور ایکسٹینڈڈ ریڈ زون ہر قسم کی ٹریفک کے لیے تاحکم ثانی بند رہیں گے۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اسلام آباد اور ملحقہ شہر راولپنڈی میں پبلک اور ہیوی ٹرانسپورٹ بھی معطل کر دی گئی ہے۔

کابینہ ڈویژن نے ہدایت جاری کی ہے کہ ریڈ زون میں واقع تمام وزارتیں، ڈویژنز اور وفاقی ادارے 20 اپریل کو گھروں سے کام کریں، جبکہ افسران اور عملہ مختصر نوٹس پر دفتر آنے کے لیے دستیاب رہے۔ اسی طرح ضلعی انتظامیہ نے سرکاری و نجی دفاتر اور تعلیمی اداروں کو بھی ورک فرام ہوم اپنانے کا مشورہ دیا ہے۔

ریڈ زون میں داخلہ مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے، جبکہ ہوٹلز، گیسٹ ہاؤسز اور ہاسٹلز کو عارضی طور پر بند رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ سیاحت کے مقامات خصوصاً سیدپور گاؤں کے اطراف ٹریلز بھی بند کر دی گئی ہیں۔

سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں، جن کے تحت ہزاروں اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں تقریباً 2800 پولیس اہلکار، جن میں سنائپرز بھی شامل ہیں، اہم مقامات پر تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ نور خان ایئربیس پر آنے والے وفود کی سیکیورٹی کے لیے کمانڈوز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وی وی آئی پیز کی آمد کے لیے الگ سیکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق غیر ملکی وفود کی ایڈوانس ٹیمیں نور خان ایئربیس پہنچنا شروع ہو گئی ہیں، جبکہ مزید اہم شخصیات کی آمد متوقع ہے۔ اگرچہ حکام نے وفود کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں، تاہم یہ پیش رفت امریکہ اور ایران کے درمیان ممکنہ دوسرے مذاکراتی دور کے تناظر میں دیکھی جا رہی ہے۔

دریں اثنا وفاقی آئینی عدالت نے بھی 20 اپریل کو ریڈ زون کی بندش کے باعث عدالتی کارروائی معطل کرنے کا اعلان کیا ہے، تاہم دفتری امور جاری رہیں گے۔

یہ سخت سیکیورٹی اقدامات خطے میں جاری کشیدگی، بالخصوص آبنائے ہرمز کی صورتحال اور اسلام آباد میں ہونے والے امریکہ ایران مذاکرات کے غیر حتمی نتائج کے پس منظر میں کیے گئے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں